بھوپال،10جون؍(آئی این ایس انڈیا)بھوپال۔اندور شاہ راہ پر سیہور کے پاس کل رات کار پلٹنے کے حادثے میں شدید زخمی ہوئے بی جے پی ممبر اسمبلی راجندر دادو کے معاون کی بھی آج صبح موت ہو گئی۔اس حادثے میں ممبر اسمبلی دادو کی موت جائے حادثہ پر کل رات ہی ہو گئی تھی۔سیہور کے شہر پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس آر دڈوتیا نے آج بتایا کہ بھوپال۔اندورمارگ پر اشٹا اور سیہور کے درمیان کر رات کار پلٹنے سے برہان پور ضلع کے نیپانگر سے بی جے پی ممبر اسمبلی راجندر دادو کی موت ہو گئی تھی اور گاڑی میں سوار تین دیگر لوگ شدید زخمی ہو گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں میں ایک روندر اترے نے آج صبح علاج کے دوران دم توڑ دیا۔چرایو میڈیکل کالج اور ہسپتال کے آپریٹر ڈاکٹر اجے گوئنکا نے بتایا کہ دو دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ممبر اسمبلی دادوریاست میں 11جون کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے سلسلے میں ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی رہائش گاہ پر بی جے پی ممبران اسمبلی کی ایک اہم میٹنگ میں شامل ہونے کے لئے بھوپال آ رہے تھے۔خاندانی ذرائع کے مطابق دادو کی عمر 54سال تھی۔ان کے خاندان میں بیوی، چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔دادو نیپانگر(ایس ٹی)سیٹ سے دوسری دفعہ جیتے تھے۔دادو کی لاش آج صبح خصوصی طیارے سے کھنڈوا لے جائی گئی۔ان کے آبائی گاؤں کانپور میں آج ان کی آخری رسومات ادا کی گئی۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور بی جے پی لیڈرنندکمار سنگھ چوہان نے دادو کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔